کوئٹہ: انچارج بولان میڈیکل کمپلیکس ٹراما سینٹر بھی کورونا وائرس سے شہید

  • May 29, 2020, 12:39 pm
  • COVID-19
  • 299 Views

لوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس کے ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیر خان کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان بی ایم سی کے مطابق ڈاکٹر زبیر خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ چند روز قبل مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ فاطمہ جناح اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

ڈاکٹر زبیر خان کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ڈاکٹر زبیر خان بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول ہسپتال کوئٹہ میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ڈاکٹر زبیر خان دوسرے ڈاکٹرہیں جو کورونا کا شکار ہوئے، اس سےقبل سینئر ڈاکٹر نعیم آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں 150سے زائد ڈاکٹروں سمیت 250 طبی عملے کے افراد کورونا سےمتاثر ہوچکے ہیں جب کہ سول اسپتال کے دو ڈسپنسرز دلاور خان اور منورخان بھی کورونا کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 41 ہے۔