طبی ماہرین نے کوئٹہ میں مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو کی سفارش کر دی

  • May 29, 2020, 12:36 pm
  • Breaking News
  • 389 Views

محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے کی سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز فوری طور پر نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز فوری طور پر نہ کھولنے کا یہ فیصلہ صوبائی سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین جمالدینی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر سلیم ابڑو، سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپرینٹنڈٹس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام شریک تھے۔

اجلاس میں سرکاری اسپتالوں کے او پی ڈیز کی بندش کے دوران عوامی مشکلات کا جائزہ لیا گیا جب کہ طبی ماہرین اور ڈاکٹرز نے لاک ڈاؤن کےدوران کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو کے نفاذ کی سفارش کر دی۔

اجلاس میں صوبے کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کو فوری طور پر نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے سیکرٹری صحت نے جیو نیوز کو بتایا کہ سماجی فاصلہ نہ رکھے جانے کی وجہ سے صوبے میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، او پی ڈیز کھولنے سے ڈاکٹروں اور مریضوں دونوں میں کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شدید بیمار مریضوں کا طبی معائنہ ایمرجنسی اور مختلف وارڈز میں کیا جائے گا۔