پی آئی اے طیارہ حادثہ، طیارے میں مبینہ اورغیر قانونی طور پر رقم منتقل کرنے کی کوشش کیے جانے کا انکشاف

  • May 29, 2020, 11:17 am
  • Breaking News
  • 123 Views

پی آئی اے طیارہ حادثہ، طیارے میں مبینہ اور غیر قانونی طور پر رقم منتقل کرنے کی کوشش کیے جانے کا انکشاف، طیارے کے ملبے سے 3 کروڑ روپے کی رقم برآمد ہوئی، جبکہ قوانین کے تحت ایک مسافر کو 10 ہزار ڈالرز سے زائد رقم ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کراچی میں حادثے کا شکار ہو جانے والے پی آئی اے کے طیارے سے 3 کروڑ روپے کی بڑی رقم برآمد ہوئی، جس کے بعد کہا جا رہا ہے کہ مبینہ طور پر پی آئی اے کے مقامی پروازوں میں غیر قانونی طور پر رقم منتقل کی جاتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ طیارہ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر دوران تلاشی رینجرز اہلکاروں کو ملبے سے 3 کروڑ روپے کی خطیر رقم ملی۔
رینجرز اہلکاروں نے یہ رقم فوری پی آئی اے حکام کے حوالے کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد سوال کیا جا رہا ہے کہ اتنی بڑی رقم طیارے میں آئی کیسے۔ قوانین کے تحت ایک مسافر کو 10 ہزار ڈالرز سے زائد کی رقم اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی، تو ایسے میں کیسے طیارے میں 3 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے حکام کی جانب سے حقائق جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ پی آئی اے کے مقامی پروازوں میں غیر قانونی طور پر رقوم منتقل کی جاتی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے اصل حقائق تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور سے کراچی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ کراچی ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ طیارے میں کل 107 افراد سوار تھے، جن میں سے 105 افراد شہید ہوگئے۔