NDMA ,ملک کے 60 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے

  • May 28, 2020, 3:31 pm
  • National News
  • 148 Views

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے 60 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے، ٹڈیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے حملوں سے بلوچستان میں 31، خیبر پختون خوا میں 9، پنجاب میں 10 اورسندھ میں 10 اضلاع متاثر ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ٹڈیوں کے حملہ زدہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے، ملک بھر میں 1127 ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 90 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے ہوا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4200 ہیکٹر رقبے کا ٹریٹمنٹ کیا گیا ہے،بلوچستان میں 1500 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 800 ہیکٹر، خیبر پختون خوا میں 700 ہیکٹر، سندھ میں 1200 ہیکٹر رقبے کو ٹڈی دل سے پاک کرنے کے لیے ٹریٹمنٹ کیا گیا۔