کراچی طیارہ حادثہ،کاک پٹ وائس ریکارڈر جائے حادثہ سے مل گیا

  • May 28, 2020, 3:17 pm
  • Breaking News
  • 139 Views

کراچی طیارہ حادثہ، کاک پٹ وائس ریکارڈر جائے حادثہ سے مل گیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ٹیمیں اس اہم پرزے کی تلاش میں سرگرم تھیں، کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقاتی عمل میں بہت مدد ملے گی۔ بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ کاک پٹ وائس ریکارڈمیں اہم شواہد موجود ہیں جبکہ وائس ریکارڈر میں کنٹرول ٹاور اور پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ موجود ہے۔
کاک پٹ وائس ریکارڈر مل جانے کے بعد حکام کی جانب سے وائس ریکارڈر ائیرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے جس کے بعد اس ضمن میں مزید تحقیق کی جائے گی۔ اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ ابھی تک کاک پٹ وائس ریکارڈر نہیں ملا سکا، تلاش کے بعد پی آئی اے حکام کی جانب سے عمارتوں کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش کے لئے ی آئی اے انجینئرنگ ،ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ اور سی اے اے ویجلنس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ ایئربس کی ٹیم نے جہاز گرنے کے مقام سے لے کر رن وے تک تحقیقات بھی کی تھیں۔ ان تمام اقدامات کے بعد ترجمان پی آئی نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر جائے حادثہ سے مل گیا۔ واضح رہے کراچی ایئرپورٹ کے قریب عید سے 2 دن قبل دوپہر سوا دو بجے کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی تھی۔ایئربس میں 107 افراد سوار تھے جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل تھے۔ ایئربس 320 ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ سے قبل طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔