کراچی، دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکو سابق پولیس اہلکار نکلا

  • May 28, 2020, 10:55 am
  • COVID-19
  • 150 Views

کراچی: شہر قائد کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر دکاندار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا، ڈاکو کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکو سابق پولیس اہلکار نکلا، ملزم تیمور 2011 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جبکہ ملزم کے ساتھی کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مبینہ ٹاؤن پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر چیپل گارڈن کے قریب ایک کریانہ اسٹور پر موٹر سائیکل سوار دوملزمان آئے جن میں سے ایک ملزم نے دکان کے کاؤنٹر کے سامنے کھڑے ہوکر اسلحہ نکال لیا۔

دکاندار نے پولیس کو دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی دی جس میں واردات کی 100 فیصد تصدیق ہوگئی۔

فوٹیج میں دیکھا گیا کہ صبح 10 بجکر 17 منٹ پر ملزم اسلحہ لے کر دکاندار اور اندر موجود افراد کو گن پوائنٹ پر لے لیتا ہے جبکہ ملزم دکان کے کاؤنٹر کے دراز سے خود رقم نکالنا شروع کردیتا ہے اور اس دوران دکاندار کو ملزم پر فائرنگ کرنے کا موقع مل جاتا ہے اور ڈاکو ہلاک ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں ایسے میں شہریوں نے اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھنا بھی شروع کر دیا ہے۔