ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 52 ہزار سے تجاوز، مزید 34 افراد جاں بحق

  • May 23, 2020, 1:10 pm
  • COVID-19
  • 191 Views

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 52 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ اس وائرس سے 1101 اموات ہوچکی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14 ہزار 705 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی ٹیسٹ کی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 987 ہوگئی۔

24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 1101 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 52 ہزار 437 ہوگئی۔ ان میں سے 16 ہزار 653 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 34 ہزار683 زیر علاج ہیں۔
کہاں کتنے مریض

سندھ میں 20 ہزار 883، پنجاب میں 18 ہزار 730 ، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 391، بلوچستان میں 3 ہزار 198، اسلام آباد میں ایک ہزار 457، گلگت بلتستان میں 607 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 171 ہوگئی۔

سب سے زیادہ اموات

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 34 اموات ہوئیں جس کے بعد اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 1101 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ کورونا کے مصدقہ مریض جاں بحق ہوئے، صوبے میں وائرس کا شکار ہوکر لقمہ اجل بننے والے افراد کی تعداد 381 ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 340 ، پنجاب میں 324 ، بلوچستان میں 39، اسلام آباد میں 12، گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔