ایک اور اداکار جوڑی، حنا الطاف اور آغا علی نے نکاح کرلیا

  • May 23, 2020, 1:02 pm
  • Entertainment News
  • 401 Views

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ حنا الطاف اور اداکار و گلوکار آغا علی گزشتہ روز نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔

اس ضمن میں حنا الطاف کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند تصاویر شیئر کی گئیں۔

اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو نکاح کی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ کس طرح آغا علی اور وہ پہلے ایک دوسرے کو نا پسند کرتے تھے، پھر یہ دوست بنے اور اب ایک دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

حنا الطاف نے بتایا کہ آغا علی نے ان کا دل جیت لیا اور پھر دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ پوری زندگی گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔

اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے جمعۃ الودع والے دن یعنی گزشتہ روز نکاح کیا ہے۔

دوسری جانب اداکار و گلوکار آغا علی نے بھی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو نکاح کی خوشخبری سنائی۔

آغا علی نے بتایا کہ چند سال قبل انہوں نے اور حنا الطاف نے ایک ٹی وی شو کی میزبانی کی تھی جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کو نا پسند کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دوبارہ ملے اور پھر ہماری دوستی ہوگئی، جب لاک ڈاؤن ہوا تو مجھے ایسا لگا کہ میرا کوئی حصہ مجھ سے جدا ہوگیا اور اس وقت میں نے حنا کے ساتھ ساری زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

آغا علی اور حنا الطاف کے نکاح پر ان کے چاہنے والوں سمیت متعدد شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکباد اور دعائیں دی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ آغا علی اور سارا خان کے بریک اپ کے بعد گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر حنا الطاف اور آغا علی کے تعلقات کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھی۔