پاکستان میں کل عید الفطر ہوگی یا نہیں؟ رویت ہلال کمیٹی آج اعلان کرے گی

  • May 23, 2020, 12:51 pm
  • Breaking News
  • 267 Views

کراچی : پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں مفتی منیب الرحمان چاند کی رویت کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا، مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے، تمام زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرزمیں ہوگا۔

چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں، ملک کے مختلف حصوں سے ملنے والی شرعی شہادتوں کی بنیاد پرشوال کے چاند کا فیصلہ کیا جائے گا اور مفتی منیب الرحمان چاند کی رویت کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔

یاد رہے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قمری کیلنڈربتارہاہےکہ 24مئی کوعیدآرہی ہے، مفتی منیب الرحمان اورمفتی پوپلزئی الگ الگ راستےپرکھڑےہیں کیونکہ چاند کسی کے کہنے پر اپنا مدار تبدیل نہیں کرتا، ایسی صورت میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی عملی اہمیت باقی نہیں ہے۔

دوسری جانب موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند 23 مئی بروز ہفتہ کو نظر آنے کا امکان نہیں ، نئے چاند کی پیدائش 22 مئی28رمضان کو ہوگی ، پاکستان میں رات 10بجکر 39منٹ پر چاند کی پیدائش ہوگی، عید الفطر25مئی پیرکوہونےکاامکان ہے۔

خیال رہے سعودی عرب میں گزشتہ روزشوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی سپریم کورٹ کے مطابق آج تیسواں روزہ ہے جبکہ عید الفطر کل منائی جائے گی جبکہ متحدہ عرب امارات حکومت نے بھی عید الفطر اتوار کو منانے کا اعلان کیا ہے ۔