پاکستان،کورونا سے مزید 19 اموات ، تعداد 1071ہوگئی

  • May 22, 2020, 9:45 pm
  • COVID-19
  • 139 Views

پاکستان،کورونا سے مزید 19 اموات ، تعداد 1071ہوگئی
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 51653 تک پہنچ گئی ،15201 مریض صحتیاب ہوگئے
اسلام آباد (این این آئی)ملک میں کورونا سے مزید 19 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1071 ہو گئی ، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 51653 تک پہنچ گئی ہے، 15201 مریض صحت یاب ہوگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق جمعہ کو ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 2133 کیسز سامنے آئے ہیں اور 19 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 959 کیسز اور 4 ہلاکتیں، پنجاب 1073 کیسز 13 ہلاکتیں، اسلام آباد 91 کیسز اور آزاد کشمیر سے 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ میں کورونا کے مزید 959 کیسز سامنے آئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6023 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 959 نئے کیسز ظاہر ہوئے ،مزید 4 مریض انتقال بھی کرگئے۔وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 20،883 اور اموات 340 ہوچکی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مزید 690 مریض کورونا سے صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7015 ہوگئی ہے۔پنجاب سے کورونا کے مزید 1073 کیسز اور 13 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کی گئی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کےمریضوں کی مجموعی تعداد 18455 اور ہلاکتیں 310 ہوگئی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا سے 5312 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔یادرہے کہ ایک رو ز قبل جمعرات کے روز صوبہ پنجاب کے اعداد و شمار رات گئے جاری کیے گئے تھے اس لیے انہیں گزشتہ روز کی رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا اور جمعہ کو مجموعی تعداد میں جمع کردیا گیا ہے لہٰذا 1073 کیسز اور 13 اموات جمعرات اور جمعہ کی مشترکہ تعداد سمجھی جائے۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 91 کیسز سامنے آئے ہیں اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1326 جب کہ اموات 12 ہوچکی ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 151 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔آزاد کشمیر سے کورنا کے مزید 10کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 158 ہوگئی ہے ، علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 79 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔