لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد طیارے سے متعدد پرندے ٹکرائے، ابتدائی رپورٹ تیار

  • May 22, 2020, 8:07 pm
  • Breaking News
  • 231 Views

کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایوی ایشن حکام کو طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ دے دی گئی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طیارہ لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد پرندوں سے بھی ٹکرایا۔

رپورٹ کے مطابق لینڈنگ گیئرخراب ہونے پرپائلٹ طیارےکو لینڈنگ کیلئے نیچے لائے، اس دوران بدقسمت طیارے سے ایک سے زیادہ پرندے ٹکرا گئے،اسی دوران طیارےکے دونوں انجن جزوی طور پر بند ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق انجنوں سے کم طاقت ملنے کے سبب جہاز کی بلندی انتہائی کم ہوتی گئی اور کچھ ہی دیر میں جہاز اپنی بلندی برقرار نہ رکھ سکا، اس موقع پر پائلٹ نے 'مے ڈے' کی کال بھی دے دی۔

رپورٹ کے مطابق طیارہ رن وے پر پہنچنے سے پہلے ہی آبادی والے علاقے میں مکانات سے ٹکرا گیا، جس وقت طیارہ مکانات کی بالائی منزل سے ٹکرایا اس وقت وہ گلائیڈ کر رہا تھا۔

خیال رہے کہ قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 8303 کو لینڈنگ کے وقت حادثہ پیش آیا اور طیارہ 2 بجکر 37 منٹ پر گرگر تباہ ہوگیا جبکہ جہاز میں عملے کے 7 ارکان سمیت 98 افراد سوار تھے۔

حادثے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمے ہونے کا خدشہ ہے۔