کرنل فاروق نے اہلیہ کے رویے پر غیر مشروط معافی مانگ لی

  • May 22, 2020, 5:35 pm
  • National News
  • 294 Views

کرنل فاروق کے خلاف تادیبی کاروائی کا آغاز کردیا گیا۔عسکری ذرائع

کرنل فاروق نے اہلیہ کے رویے پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر پولیس سے بدتمیزی کرنے والے خاتون کے شوہر کرنل فاروق کے خلاف تادیبی کاروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔عسکری ذرائع کے مطابق کرنل فاروق نے ابتدائی طور پر اہلیہ کے رویے پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے بیگم کے برتاؤ پر شرمندگی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد کرنل فاروق کے خلاف تادیبی کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ویب سائٹ 24 نیوز کے مطابق نیوز چینلز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ واقعے پر بریکنگ نیوز نہ چلائی جائیں اور نہ ہی کسی پروگرام میں اس کے حوالے سے بات کی جائے خبر کو صرف ایک رنز پر ہی چلایا جائے۔خاتون کی جانب سے پولیس اہلکار کے ساتھ مبینہ بدتمیزی کا مقدمہ ایک نامعلوم خاتون کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مانسہرہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ سی پیک پولیس فورس کے اہلکار کے ساتھ ہونے والی مبینہ بدسلوکی پر درج کیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار کو گزشتہ روز خود کو فوجی افسر کی بیوی ظاہر کرنے والی ایک خاتون کی جانب سے مبینہ بدتمیزی کا نشانہ بنایا گیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔میڈیا ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ اے ایس آئی اورنگزیب کی درخواست پر درج کیا گیا ہے جس کے مطابق خاتون نے عوام کے سامنے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور کار سرکار میں مداخلت کے ساتھ ساتھ پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
مقدمے میں پولیس اہلکار کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ خاتون نے گاڑی میں بیٹھ کر مجھے کچلنے کی کوشش کی اور مانسہرہ کی طرف چلی گئیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق درج ہونے والے مقدمے میں خاتون کی شناخت تو ظاہر نہیں کی گئی البتہ پولیس نے بتایا ہے کہ خاتون کا تعلق شنکیاری سے ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔