23 مئی کو شوال کا چاند نظر آنے کے 10 فیصد امکانات موجود

  • May 22, 2020, 2:28 pm
  • Science & Technology News
  • 351 Views

23 مئی کو شوال کا چاند نظر آنے کے صرف 10 فیصد امکانات موجود ہیں۔بیسویں روزے تک 23مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات 30فیصد تھے۔چاند نظر آنے کے امکانات میں کمی چاند کے زاویے میں معمولی سی تبدیلی کے باعث ہوئی۔اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23مئی کو شوال کا چاند نظر آنے کے صرف دس فیصد امکانات ہیں۔
شوال کے چاند کی پیدائش 22 مئی کو رات 10 بج کر 40 منٹ پر ہو گی اور 30 مئی کو اس کے نظر آنے کے لیے عمر پوری نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف دس فیصدتک امکانات ہیں کہ چاند گوادر یا جیوانی میں نظر آسکے۔کیلنڈر کے حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک بھی دن کا فرق پڑنے سے آئندہ سال کا کیلنڈر ڈسٹرب ہو جاتا ہے، اس لیے کیلنڈر کے باوجود بھی سعودی عرب میں کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے۔
دوسری طرف مذہبی حلقوں کا کہنا ہے کہ 23مئی کو چاند نظر آنے یا نہ آنے کی لا حاصل بحث چھیڑدی گئی ہے۔متعلقہ ادارے جو بھی اعلان کریں اس پر سب کو لبیک کہنا چاہیے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عیدالفطر 24 مئی کو ہوگی لیکن رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کرنا چاہتی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جدید سائنسی دور میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفتی منیب الرحمان اورمفتی پوپلزئی الگ الگ راستے پر کھڑے ہیں کیونکہ چاند کسی کے کہنے پر اپنا مدار تبدیل نہیں کرتا ہے اور ایسی صورت میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی عملی اہمیت باقی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناسا نے کہا چاند پر لمبا عرصہ رہنے کیلئے مشن بھیجیں گے، مستقبل میں مولوی صاحبان کے لیے عید پر چاند کرنا بڑا چیلنج ہوگا۔