عید کے بعد ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کا امکان

  • May 20, 2020, 11:16 am
  • Sports News
  • 140 Views

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی سرگرمیاں جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، حکومتی اجازت کے بعد حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد ہے تاہم پی سی بی نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری سنادی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کرکٹ سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے حکومت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور حکومتی اجازت ملنے کے بعد ہی کرکٹرز کی ٹریننگ کے حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت کی جانب سے تاحال کھیلوں کی سرگرمیوں پرپابندی میں نرمی نہیں کی گئی ہے اس لئے کھلاڑیوں کو میدان میں واپس لانے کیلئے پی سی بی کی جانب سے روڈ میپ تیار کرنے کے بعد حکومت سے اجازت لی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیاں عید کی چھٹیوں کے بعد جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو عید کے بعد ہی اعتماد میں لیا جائے گا اور کرکٹرز

سے آن لائن سیشن کے دوران انہیں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریف کیا جائےگا تاہم کسی بھی کھلاڑی کو انگلینڈ جانے کیلئے ہرگز مجبور نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق، باﺅلنگ کوچ وقار یونس اور ذاکر خان کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے روڈمیپ تیار کریں گے۔