پاکستان میں تندرست ہونے والے کورونا مریض کے پلازمہ سے بیمار افراد کے علاج کا تجربہ کامیاب

  • May 20, 2020, 1:23 am
  • COVID-19
  • 256 Views

: پاکستان میں تندرست ہونے والے کورونا مریض کے پلازمہ سے بیمار افراد کے علاج کا تجربہ کامیاب ، ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی نے بتایا ہے کہ پاکستان کیلئے اچھی خبر ہے کہ کورونا کیخلاف پیسیو امیونائزیشن کا تجربہ کامیاب رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں جتنے مریضوں کو پلازمہ لگایا گیا ان میں سے کسی میں بھی مضر اثرات نہیں پائے گئے اور پاکستان میں اس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں ۔
امریکا میں پیسیو امیونائزیشن کے ذریعے 11 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ ہمیں 4 ہزار افراد کا پلازمہ چاہیے ہوگا،صحت یاب ہونے والے افراد آگے آئیں اور اپنا پلازمہ عطیہ کریں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حیدر آباد میں پلازمہ کے ذریعے پہلا مریض صحتیاب ہوا تھا اور گزشتہ روز پشاور میں بھی پیسیو امیونائزیشن کے ذریعے مریض صحتیاب ہو گیا ۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کی تجویز پر ہی گذشتہ ماہ محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے پیسیو امیونائزیشن کی اجازت دی تھی جب کہ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتیں بھی اس کی اجازت دے چکی ہیں ۔ اس طریقہ علاج میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے شخص کے خون سے اینٹی باڈیز لے کر متاثرہ شخص کے خون میں داخل کی جاتی ہیں اور یہ دافعت رکھنے والی اینٹی باڈیز وائرس کے خلاف جنگ میں متاثرہ شخص کی مدد کرتی ہیں۔ اس سے قبل 15مئی کو ڈاکٹر طاہر شمسی نے بتایا تھا کہ کورونا کے مریضوں کوپلازمہ لگانے کا کلینکل ٹرائل ملک بھر کے چار اسپتالوں میں شروع کیا گیا ہے اور ہ دو ہفتوں کے دوران نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔کلینیکل ٹرائل کراچی، جامشورو ،پشاور اور اسلام آباد میں جاری ہے .