سونے کی قیمت ایک ہی دن میں 2000 روپے فی تولہ بڑھ گئی

  • May 19, 2020, 11:47 am
  • Business News
  • 222 Views

کراچی: ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2000 روپے اور 1715 روپے کا اضافہ ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 43 ڈالر کا اضافہ ہوگیا اور فی اونس سونے کی قیمت بڑھ کر 1762 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، دوسری جانب پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کے روز فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2000 روپے اور 1715 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 97 ہزار اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 83 ہزار 162 کی سطح پر آگئی، اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت 50روپے کے اضافے سے 1050روپےاور فی دس گرام چاندی کی قیمت 42 روپے86 پیسے کے اضافے سے900 روپے20 پیسے کی سطح پر آگئی۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہناہے کہ پاکستان میں پیر کو فی تولہ سونے قیمت دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں 8000 روپے کم ہے۔