پیسوں کیلئے سگے چچا کو بیوقوف بنانے والا بھتیجا گرفتار

  • May 18, 2020, 8:51 pm
  • National News
  • 189 Views

کراچی: شہر قائد میں پیسوں کے لیے سگے چچا کو بیوقوف بنانے کی دوسری کوشش کرنے والے بھتیجے کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چچا سے بھتہ مانگنے والے بھتیجے ملزم کاشف کو پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کاشف نے چچا زاہد کو 35 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھجوائی تھی، بھتے کی پرچی کے ساتھ گولیاں بھیج کر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پہلے بھی اپنے چچا سے 25 لاکھ روپے بھتہ وصول کرچکا ہے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور سم کارڈز برآمد کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں رینجرز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد سے کالعدم تنظیموں کی جانب سے بھتہ کی پرچیاں بھیجنے کا سلسلہ رک گیا ہے۔

شہر میں رینجرز کی جگہ جگہ اسنیپ چیکنگ اور تابڑ توڑ کارروائیوں کی بدولت بھتہ خور اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہیں اور تاجر اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں اس سے قبل بھتہ کی پرچی ملنے کے باوجود پیسے نہ دینے پر کئی شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارا جاچکا ہے۔