بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، شاہ محمود قریشی

  • May 18, 2020, 8:38 pm
  • National News
  • 79 Views

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے جنگی جنون میں کوئی مہم جوئی کی تواسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا جیسا کہ ہم نے فروری میں دیاتھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جنگی جنون میں مبتلانہیں ہوناچاہتا۔ ہم امن پسند ہیں اور امن پر یقین رکھتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے سوموار کے روز سرکٹ ہائوس ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ افغانستان میںصدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان شراکت اقتدارکا معاہدہ خوش آئندہے ۔افغان امن عمل میں کچھ طاقتیں رخنہ ڈال رہی ہیں۔ رخنہ ڈالنے والوں میں ایک قوت ہمارے پڑوس میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغان گروپوں میں جلد ازجلد بات چیت کاآغاز افغانستان میں دیرپا امن کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ طالبان کاکہنا ہے کہ وہ معاہدے کی پاسداری کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیدیوں کی رہائی کاعمل تیز ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہاکہ محصورپاکستانیوں کو تیزی سے وطن واپس لایاجارہاہے۔ وزارت خارجہ میں مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ایک لاکھ 10ہزار سے زیادہ پاکستانیوںنے وطن واپسی کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے۔ان میں سے کچھ ایسے لوگ ہیں جن کے ویزے ختم ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ابتداء میں ہم صرف اسلام آباد ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازیں لارہے تھے ۔
صوبوں نے ہمیں ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ہم نے باقاعدہ منتیں کرکے ایئرپورٹ کھلوائیں ہیں۔اب لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں بھی پروازیں آرہی ہیں جبکہ کراچی ،کوئٹہ اور پشاور ایئرپورٹس بھی کھل چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قواعد وضوابط کے مطابق آنے والے تمام مسافروں کو وطن واپسی پر 14روز کے لیے قرنطینہ میں ٹھہرنا ہوتا ہے ۔اسی باعت واپسی میں تاخیر ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ٹڈی دل کے تدارک کیلئے سید فخر امام کی سربراہی میں کمیٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔