مضر صحت آئسکریم کی تیاری و فروخت کیخلاف بی ایف اے کی کارروائی جاری

  • May 18, 2020, 10:48 am
  • National News
  • 206 Views

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے اور ناقص ومضر صحت آئسکریم اور آئس قلفی کی پروڈکشن اور فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ،بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے خروٹ آباد کے علاقے میں چیکنگ کے دوران دو ڈسٹری بیوشن یونٹ سیل کر دیئے جبکہ آئسکریم اور قلفیوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے مختلف اجزاء کے نمونے لیکر لیبارٹری بھجوادیئے ،مزیدبرآں فوڈ اتھارٹی حکام نے ڈسٹری بیوشن یونٹس سے غیر معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف تیار کردہ آئسکریم اور قلفی کی بڑی مقدار قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دی، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کے مطابق ڈسٹری بیوشن یونٹس سے سپلائی کی جانے والے آئسکریم اور آئس قلفیوں میں ناقص اور مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز، مٹھاس اور فلیورز استعمال کئے جاتے ہیں جو گلے کے امراض سمیت دیگر متعدد بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کھانے پینے کی تمام اشیاء کے معیار میں بہتری یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے، ذاتی فائدے کے لئے لوگوں کی صحت سے کھیلنے والوں اور جعلی،غیر محفوظ و ناقص خوردنی اشیاء تیار اور فروخت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کا سلسلہ بلا تفریق جاری رہے گا ،اس حوالے سے کوئی بھی بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے کسی قسم کی رعایت کی توقع نہ کرے۔