اگر ٹرینیں کھلیں تو پھر کورونا کے ایک لاکھ سے اوپر کیسز ہو جائیں گے

  • May 17, 2020, 8:15 pm
  • National News
  • 172 Views

کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا ہے کہ اگر ٹرینیں کھلیں تو پھر کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے اوپر کیسز ہو جائیں گے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں فی الحال ٹرین نہیں چلے گی، شیخ رشید کو عوام کی زندگیوں کی فکر کم اور ٹرین چلانے کی فکر زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرینیں چلی تو پھر کورونا وائرس پر کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا، کراچی میں ہر صوبے کی عوام بستی ہے ریلوے اسٹیشنز پر ہجوم بڑھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ سے چلتا ہے سندھ وفاق سے نہیں چلتا۔

یاد رہے کہ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا ہے کہ ٹرینیں چلانے کے متعلق فیصلہ منگل ہوگا اور وزیراعظم سے اجازت نہ ملنے کی صورت میں بدھ کو مسافروں کو رقم واپس کرنا شروع کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے وفاق اور وزیر اعظم عمران خان کے ماتحت ہے اور ٹرںیں چلانے کے سلسلے میں مجھے صرف وزیراعظم سے ملاقات کا انتظار ہے۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا عید پر 50فیصد بزنس ہوتا ہے اور 24کروڑ روپے ایڈوانس بکنگ کے جمع ہیں۔ کراچی کا ٹریک کھلے گا تو ہی ٹرین چلے گی، ورنہ نہیں چلے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں کسی صوبے کا محتاج نہیں اور نہ وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کا پابند ہوں۔ میں کل بھی فیصلہ کر سکتا ہوں کہ ٹرین منگل یا بدھ کو چل سکتی ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا آپ تمام سواریوں کو اجازت دیں اور ریلوے کو نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے فیصلے کا منتظر ہوں۔ ریلوے صرف پنجاب نہیں پورے پاکستان کی ہے۔