بھارت بلوچستان میں براہ راست دہشتگردی میں ملوث ہے، صوبے میں مثالی سول ملٹری تعلقات قائم ہیں

  • May 17, 2020, 1:10 am
  • National News
  • 171 Views

بھارت بلوچستان میں براہ راست دہشتگردی میں ملوث ہے، صوبے میں مثالی سول ملٹری تعلقات قائم ہیں،ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے انہیں کورونا وائرس کے خطرے کا خیال نہیں ہے اس لئے اسمبلی اجلاس بلانا چاہتی ہے، اپوزیشن کے روئیے کی وجہ سے کورونا وائرس کے معاملے پر قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوسکا۔

کچھ سیاسی عناصر حکومت پر کرپشن اور غفلت کے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں جنکی تردید کرتے ہیں،بھارت بلوچستان میں براہ راست دہشتگردی میں ملوث ہے صوبے میں مثالی سول ملٹری تعلقات قائم ہیں سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع اور پبلک ٹرانسپور ٹ کھولنے کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا جائیگا۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ وقبائلی امور حافظ عبدالباسط اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روز اول سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور ریلیف کی کوشش کر رہی ہے کچھ سیاسی عناصر کی جانب سے حکومت پر بدعنوانی اور غفلت برتنے کے لئے الزامات لگائے گئے ہیں جنکی تردید کرتا ہوں یہ عناصر ہمارے حوصلے پست اور عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے میں کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں ڈی جی پی ڈی ایم اے سمیت ایک کمیٹی کے جسکی منظور ی سے تمام سامان خریدا گیا ایسا نہیں ہے کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے خود چیک پر بانٹ رہے ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تاثر دیا گیا کہ تفتان دوسرا ووہا ن ہے صوبائی حکومت نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے 10ہزار زائرین کو سہولیات فراہم کیں اس میں وزیراعظم اور پاک فوج نے صوبائی حکومت کی معاونت کی جس پر انکے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تفتان سے زیادہ وائرس غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر فضائی راستوں سے آنے والے افراد کی اسکریننگ نہ کرنے سے پھیلا ہے ہمارے صوبے کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں سول ملٹری تعلقات آئیڈیل ہیں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئے گئے لاک ڈاؤن کے بہتر اثر ات مرتب ہوئے جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی علماء کرام کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے رمضان میں ایس او پیز پر عملدآمد کیا امید ہے عید پر بھی یہ تعاون برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ایس او پیز پر عملدآمد کرنے میں ہی ہم سب کا فائدہ ہے گزشتہ روز قانون توڑ کر جلوس نکالنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی اگر تاجروں اور عوام نے تعاون نہ کیا تو حکومت کو آنے والے دنوں میں مزید سخت فیصلے لینے پڑھ سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع اور پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا جائیگا لاک ڈاؤن کے علاوہ کورونا وائرس کی وباء روکنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کورونا وائرس سے نمٹنے میں کسی نے غفلت کا مظاہرہ کیا ہے یا شکایات ملیں تو متعلقہ حکام کاروائی کریں گے، میر ضیاء لانگو نے کہا کہ اپوزیشن کا کردار روز اول سے منفی رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اب تک نہیں ہوسکا اپوزیشن کو کورونا وائرس کا خیال نہیں ہے اس لئے وہ اسمبلی اجلاس بلانے کی بات کر رہی ہے کورونا وائرس کے معاملے میں ہمیں یکجا ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت تھی لیکن اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں رہنے والے بلوچ محب وطن ہیں ہمیں کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے پاکستان ہمارا ملک ہے جس میں بھارت براہ راست دہشتگردی کروا رہا ہے جسکا اعتراف انکے ریٹائرڈ میجر نے ٹی وی پر بھی کیا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ہے جبکہ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کرو ا رہا ہے جس کی واضح مثال کیچ دھماکہ ہے بھارت ایک عالمی دہشتگرد ملک بن چکا ہے جو محب وطن قبائل کا نام غلط انداز میں استعمال کرتے ہوئے بے بنیاد پروپگینڈا کر رہا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے کہا کہ پی ڈی ایم اے 400پری فیب کنٹینر اور 100باتھ روم تیار کر رہی ہے جبکہ این ڈی ایم کی جانب سے 600کنٹینر تفتان، 300کوئٹہ ۱ور 300چمن میں فراہم کئے جارہے ہیں تمام کنٹینرز میں ٹریکر نصب کرکے نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے.