عید کے روز موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان

  • May 16, 2020, 11:46 pm
  • Weather News
  • 136 Views

عید کے روز موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا، کراچی میں 17 مئی کے بعد ہیٹ ویو آنے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز کے بعد سے عید الفطر میں چن ہی روز باقی رہ گئے ہیں۔ ایسے میں لوگ موسم کے حوالے سے بھی تجسس کا شکار ہیں، کہ آیا عید پر موسم کیسا رہے گا۔
رواں برس غیر متوقع بارشوں کے باعث ملک کے کئی علاقوں خاص کر پنجاب، اسلام آباد اور شمالی علاقوں میں گرمی کی شدت میں توقعات کے برعکس زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ عید پر پنجاب اور سندھ میں موسم گرم اور خشک رہ سکتا ہے۔ خاص کر کراچی میں تو 17 مئی کے بعد ہیٹ ویو آنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق شہر قائد میں 17 مئی سے 21 مئی تک موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، سورج آگ برسائے گا جس کے باعث درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیراور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہا ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 43،مٹھی اور پڈعیدین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔