سماجی فاصلوں کے بغیر کرونا کی وبا پر قابو پانا ممکن نہیں ہے، فوادچوہدری

  • May 16, 2020, 2:29 am
  • National News
  • 122 Views

اسلام آباد : وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کرونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نہ کرے ہم اٹلی جیسی صورتحال کا شکار ہوں لیکن لوگ خود توجہ نہیں دیں گے تو حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں کرونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی میں لوگوں نے سماجی فاصلوں کی پالیسی کو سنجیدہ نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلوں کے بغیر کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانا ممکن نہیں ہے، لوگوں کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، لوگ خود بھی توجہ نہیں دیں گے تو حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اللہ نہ کرتے ہم اٹلی جیسی صورتحال سے دوچار ہوں لیکن مذہبی طبقات کو سمجھانا بہت مشکل ہے، دوسرا طبقہ وہ ہے جس کا معاشی مفاد ہے جیسے دکاندار ہوگئے البتہ روزانہ کی بنیاد پر کمانے والوں کا مسئلہ سنجیدہ ہے، ڈیلی ویجرز بھی پریشان ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسمبلی اجلاس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلی کے اجلاس میں سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو اس حوالے سے خط بھی لکھ چکا ہوں۔

انھوں نے لکھا کہ یہ کام تو پریس کانفرنس کر کے بھی ہو سکتا تھا، ممبران کو اکٹھا کیا ہے تو پہلے ماہرین سے بریفنگ لیں کرونا ہے کیا؟ ایسے اجلاس کا کیا فائدہ جہاں ایک سیاسی تقریر اور دوسرا نشتر چلاتا ہے۔