کراچی ، منگھو پیر کے قریب گاڑی سے 2 بچوں کی لاشیں برآمد

  • May 13, 2020, 1:52 pm
  • Breaking News
  • 313 Views

کراچی : منگھو پیر کے قریب پرانی گاڑی سے 2 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، دونوں بچے دس مئی سےلاپتہ تھے ،حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ بچےممکنہ طورپر کھیل کود کے دوران گاڑی میں لاک ہوگئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے منگھو پیر کے قریب گاڑی سے 2 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی ،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشیں تین سے چاردن پرانی ہیں جبکہ بچوں کی عمریں چاراورسات سال بتائی جاتی ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بچوں کی شناخت دانش زبیراورعبیدسعید کےنام سےہوئی، گاڑی عمرگوٹھ میں کئی روزسے لاوارث کھڑی تھی ، دونوں بچوں کی لاشیں گاڑی کےشیشے توڑکر نکالی گئیں، بچوں کی ہلاکت دم گھٹنے سے ہوئی۔

پولیس کےمطابق دونوں بچے دس مئی سےلاپتہ تھے،گیارہ مئی کوبچوں کی گمشدگی کامقدمہ درج کیاگیا، جس گاڑی سے بچوں کی لاشیں ملیں، اس کے شیشوں پر مٹی جمی ہوئی تھی اور گاڑی کے لاک خراب ہونےکےباعث صرف اندر سے کھل سکتے تھے۔

حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ بچےممکنہ طورپر کھیل کود کے دوران گاڑی میں لاک ہوگئے تھے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ بچے جائے وقوع کے سامنے ہی گلی میں رہتے تھے اور غالبا کھیلتے ہوئے آئے اور گاڑی میں بیٹھ گئے، بظاہربچوں نے شور تو کیا ہوگاتو ٹریٖفک کےباعث پتا نہ چلا ہوگا، کسی کا دھیان نہیں گیا کہ یہ لاک گاڑی کے اندر بھی ہوسکتے، حتمی کچھ نہیں کہاجاسکتا،پوسٹ مارٹم رپورٹ کاانتظار ہے۔

مکینک نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ بچے اکثر آنے والی گاڑیوں، رکشے اور ٹیکسوں میں بیٹھا کرتے تھے اور میں کئی بار ایسا کرنے سے منع بھی کیا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے، دونوں معصوم بچےایک ہی خاندان کے اور آپس میں دوست تھے۔