بی ایف اے کی کارروائی، جعلی آئسکریم کے دوڈسٹری بیوشن یونٹ سیل

  • May 13, 2020, 11:49 am
  • National News
  • 167 Views


کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف کارروائیوں کے دوران معروف برانڈز کی جعلی وناقص آئسکریم سپلائی کے دو ڈسٹری بیوشن یونٹ سیل کر دیئے گئے جبکہ ایک میٹ شاپ کو صفائی کی ابتر صورتحال اور ایک جنرل سٹور کو زائد المیعاد اشیاءکی موجودگی پر جرمانہ کیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے مختلف مشہور برانڈز کی جعلی آئس کریم کے ڈسٹری بیوشن یونٹس کے خلاف کارروائی خروٹ آباد میں کی جبکہ دیگر کارروائیاں کاسی روڈ اور خدائیداد روڈ کے علاقوں میں کی گئیں۔ مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مذکورہ علاقوں میں دیگر اشیاء خوردونوش کے متعدد مراکز جن میں جنرل اسٹورز ،میٹ شاپس اور ملک شاپس شامل تھے میں فروخت کے لئے موجود اشیاء خوردو نوش کی کوالٹی و صفائی کے انتظامات چیک کئے، اس دوران مراکز مالکان و ورکرز کو فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے غذائی اشیاء کے معیار،مناسب اسٹوریج اور صفائی کے انتظامات بارے خصوصی آگاہی دی گئی، متعدد کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے جبکہ اشیاءخوردونوش کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیاری و فروخت سے متعلق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ خصوصی ایس او پیز بھی دکانداران و عملے کو دیئے گئےاور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔علاوہ ازیں بی ایف اے کی کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی ناقص اور زائدالمیعاد کھانے پینے کی اشیاء کی بڑی مقدار تلف کردی گئی۔