پاکستان میں چوبیس گھنٹوں میں 2,255 نئے کیسز ریکارڈ، اموات 737 ہو گئیں

  • May 13, 2020, 11:20 am
  • COVID-19
  • 128 Views

خیبر پختون خوا میں 267، سندھ 218، پنجاب 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں


اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 737 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 34,336 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 24 ہزار 787 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 2,255 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 8,812 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید اکتیس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 267 ہے، اس کے بعد سندھ میں 218 اموات، پنجاب میں 214 اموات، بلوچستان میں 27، اسلام آباد میں 6، جب کہ گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں۔

پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 13,225 ہو گئی، سندھ میں 12,610 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 5,021، بلوچستان میں 2,158، اسلام آباد میں 759 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 475 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 88 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 11 ہزار 848 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 3 لاکھ 17 ہزار 699 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔