دبئی میں موجود 5 ہزار حاملہ پاکستانی خواتین نے وطن واپسی کیلئے رجسٹریشن کروالی

  • May 12, 2020, 3:16 pm
  • World News
  • 124 Views

2 ہزار بیمار افراد بھی فوری انخلاء کی درخواست کے ساتھ رجسٹریشن کراچکے ہیں جبکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد وطن واپسی کرنا چاہتی ہے، دبئی میں موجود پاکستانی قونصل


چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر طرف اس کا خوف پایا جا رہا ہے۔ دنیا کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ اسی دوران دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کی کوشش ہے کہ وہ وطن واپسی کر لیں۔ اس بارے میں دبئی میں موجود پاکستانی قونصل نے بتایا ہے کہ دبئی میں موجود 5 ہزار حاملہ پاکستانی خواتین نے وطن واپسی کیلئے رجسٹریشن کروالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد وطن واپسی کرنا چاہتی ہے۔ ابھی تک 2 ہزار بیمار افراد بھی فوری انخلاء کی درخواست کے ساتھ رجسٹریشن کراچکے ہیں جبکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد وطن واپسی کرنا چاہتی ہے۔ قونصل خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دبئی سے 63 ہزار افراد وطن واپسی کرنا چاہتے ہیں، ابتدائی طور پر 6 ہزار افراد کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ باقی افراد کو بھی بھیجنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
دبئی میں موجود پاکستانی سفارت حکام کی جانب سے اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ آئندہ مہینے میں اسپیشل فلائٹس کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا جس کے بعد عید الفطر کے بعد تیز رفتاری سے لوگوں کو واپس بھیجنا ممکن ہو جائے گا۔ قونصل خانے کے مطابق نوکریوں سے برخاست ہونے والے 23 ہزار پاکستانی وطن واپسی کے متمنی ہیں، 17 ہزار پاکستانی سیاح ہیں جب کہ زیادہ ترافراد نوکری کی تلاش میں آئے تھے جو کورونا کےسبب نارمل ائیرآپریشن بند ہونے سے دبئی میں پھنس گئے۔ اس وقت دنیا بھر میں لوگوں کو سفری پابندی کی وجہ سے ایسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تا ہم اس حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے مراحلہ وار اپنے شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔