وہ ملک جہاں کورونا وائرس کا ایک بھی کیس نہیں ہے، اور اس کے رہنے والوں کا خیال ہے اس کی وجہ ناریل ہیں

  • May 12, 2020, 2:28 am
  • Entertainment News
  • 250 Views

اس وقت دنیا میں صرف 13ممالک ہی رہ گئے ہیں جہاں کورونا وائرس ابھی نہیں پہنچا، انہی میں سے ایک کیریبیٹی بھی ہے جو بحرالکاہل میں واقع کئی چھوٹے چھوٹے جزائر پر مشتمل ملک ہے اور وہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں کورونا وائرس نہ آنے کی وجہ ناریل ہیں۔ یہ ملک انتہائی غریب اور پسماندہ ہے اور اس کی سطح سمندر سے بلندی اتنی کم رہ گئی ہے کہ سطح سمندر کے بلند ہونے کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین جلد اس ملک کے صفحہ ہستی سے مٹ جانے کی پیش گوئی کرتے آ رہے ہیں۔

اس ملک میں ناریل کے درخت عام پائے جاتے ہیں اور وہاں کے لوگ ان ناریل کے درختوں سے ہی زندگی کا کام چلاتے ہیں۔ انہی سے کشتیوں اور عمارتوں کے لیے لکڑی حاصل ہوتی ہے اورانہی سے رسیوں اور کپڑوں کے لیے فائبر میسر آتا ہے۔جبکہ ان کے پھل کریبیٹی کے لوگوں کی غذا کا اہم حصہ ہیں۔چونکہ ناریل میں وٹامن سی اور اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے چنانچہ یہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہی کی وجہ سے وہ اب تک کورونا وائرس سے محفوظ ہیں۔ جزیرے کے ایک پرائمری سکول ٹیچر روتی تیانیرا کا کہنا تھا کہ ”ناریل ہماری غذا کا بڑا حصہ ہے جس کی وجہ سے ہمارے جسموں میں وٹامن سی اور اے وافر پائے جاتے ہیں جو مدافعتی نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا مدافعتی نظام بہت طاقتور ہے اور ہم کورونا وائرس سے محفوظ ہیں۔“