مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، آندھی طوفان اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشن گوئی

  • May 12, 2020, 1:58 am
  • Weather News
  • 302 Views

مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، آندھی طوفان اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشن گوئی، 12 مئی سے ایران کے راستے سے بلوچستان میں مغربی سسٹم داخل ہو گا جو بالائی سندھ میں بادل برسائے گا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد شمال مشرقی بلوچستان ، خیبر پختونخوا ،جنوبی پنجاب اور کشمیر میں بھی بارش ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کل سے ملک میں مغربی ہواوں کے داخلے کے بعد بارشوں کا امکان ہے۔ کل ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے والا یہ سلسلہ بالائی سندھ میں بادل برسائے گا۔ اس سلسلے کے باعث کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ 4 روز کے دوران موسم ابرآلود رہے اور سمندری ہوائیں بھی بحال رہیں گی۔
اسی باعث شہر قائد کا موسم بہتر رہے گا۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان بھی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم شمال مشرقی بلوچستان ، خیبر پختونخوا ،جنوبی پنجاب اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک رہا۔ اس دوران اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں تخت بھائی،پاراچنار ،مالم جبہ ، میرکھانی ، کاکول ، بالاکوٹ ، سیدوشریف ، کشمیر میں مظفر آباد، راولاکوٹ ،گڑھی دوپٹہ ، اسلام آباد، پنجاب میں راولپنڈی میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 46اور سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔