ملتان میں26 ڈاکٹرز کورونا کے خلاف جنگ جیت کر کام پر واپس آگئے

  • May 11, 2020, 9:01 pm
  • COVID-19
  • 132 Views

ملتان میں26 ڈاکٹرز کورونا کے خلاف جنگ جیت کر کام پر واپس آگئے۔۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی ہے۔مہلک وائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز بھی عجیب صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ طبی عملہ کورونا کی صورتحال اور اپنی آنکھوں کے سامنے کورونا مریضوں کی حالت دیکھ کر شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔
اگرچہ اب تک کئی ڈاکٹر اور نرسز خود بھی کورونا مریضوں کا علاج کرتے کرتے اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی ہمت نہیں ہار رہے اور اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔پاکستان میں ڈاکٹرز کئی بار یہ شکایت کر چکے ہیں کہ ہمیں حفاظتی سامان مہیا نہیں کیا جا رہا یہی وجہ ہے کہ اب تک بڑی تعداد میں طبی عملہ کورونا کا شکار ہو چکا ہے جس میں ڈاکٹرز اور نرسز شامل ہیں۔
کورونا وائرس کا علاج کرتے ہوئے اب تک دنیا بھر میں کئی نرسز اور ڈاکٹرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔لیکن ایسے میں ایسا طبی عملہ بھی ہے جو کورونا وائرس کا شکار ہوا،اس کو شکست دی اور دوبارہ اپنی ڈیوٹی سنبھال لی۔ملتان میں بھی 26 ڈاکٹرز کورونا کو شکست دیتے ہوئے کام پر واپس آگئے ہیں۔مذکورہ ڈاکٹرز ملتان کے نشتر اسپتال میں دوبارہ ڈیوٹی پر آگئے ہیں تاکہ مریضوں کا علاج کیا جا سکے۔
اسپتال کے ترجمان کے مطابق جن ڈاکٹروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی انھوں نے دل کے عارضے میں مبتلا مریض کا علاج کیا جس کا انتقال ہوگیا اور بعد میں اس وائرس کا مثبت ٹیسٹ کیا گیا۔گذشتہ روز ڈاکٹرز کا اسپتال میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا گیا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا کے خلاف لڑنا ہمارا جنون ہے۔5 مئی سے 9 مئی کے درمیان طبی عملے کے کم از کم 257 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔