چین کے شہر سوہلان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد لاک ڈاؤن کر دیا گیا

  • May 11, 2020, 8:58 pm
  • COVID-19
  • 149 Views

شہر میں گزشتہ روز وائرس کے 11 نئے کیسز سامنے آئے جن سب کا باعث ایک متاثرہ لانڈری کرنے والی خاتون بنی ہیں، متاثرہ خاتون نے حالیہ کہیں کا سفر نہیں کیا،چین کا سرکاری میڈیا


چین کے شہر سوہلان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شہر میں گزشتہ روز وائرس کے 11 نئے کیسز سامنے آئے جن سب کا باعث ایک متاثرہ لانڈری کرنے والی خاتون بنی ہیں۔ اس خاتون نے اپنے گھر والوں سمیت دیگر افراد کو متاثر کیا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے حال ہی میں کہیں کا سفر بھی نہیں کیا تھا۔
چونکہ خاتون نےحال میں کہیں کا سفر نہیں کیا تھا، اس لئے ماہرین کے لئے یہ پریشانی پیدا ہو گئی ہے کہ پھر خاتون میں کورونا وائرس منتقل کہا ں سے ہوا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ دوسری جانب انتظامیہ نے شہر میں ہر قسم کے اجتماع پر پابندی لگا دی ہے۔
شہریوں میں کوروناو ائرس کی تصدیق کے بعد تمام عوامی مقامات کو بند کردیا گیا ہے اور تمام رہائشیوں کو گھر پر رہنے کو کہا گیا ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کو معطل کردیا گیا ہے اور شہر کو خطرے کے سب سے اعلیٰ درجے پر رکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کوروناو ائرس نے جنم بھی چین کے شہر وہان سے لیا تھا جس کے بعدابھی تک اس پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ اس وقت پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے جبکہ ہر حوالے سے کوشش کی جا رہی ہے کہ اس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 41لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 2 لاکھ 83 ہزار افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ سمجھا جا رہا تھا کہ شاید چین میں اب کورونا وائرس دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔ لیکن اب چین کے شہر سوہلان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے ۔