وزیراعلیٰ سندھ نے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا

  • May 10, 2020, 6:36 pm
  • COVID-19
  • 141 Views

وزیراعلیٰ سندھ نے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں شاپنگ مالز کے علاوہ پیر سے تمام مارکیٹیں صبح 6 بجے سے شام 5بجے تک کیلئے کھلیں گی، مارکیٹیں ایس او پی کے تحت کھولی جائیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایس او پی پر عمل درآمد کی ذمہ داری تاجروں پر ہوگی، سماجی فاصلے پر سختی اور خصوصی توجہ دینا ہوگی، اگر کیسز بڑھتے ہیں تو پھر مزید سخت فیصلے لینے پڑیں گے۔
انہوں نے کرونا کی تازہ صورت حال سے متعلق کہا کہ سندھ میں کرونا کے 12ہزار مریض ہیں، لاک ڈاؤن سے آپ لوگوں کا کاروبار متاثر ہوا ہے، کراچی میں آبادی زیادہ ہے، یہاں زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نماز کے دوران سماجی فاصلے جیسے سخت فیصلے کرنے پڑے، دل دکھتا ہے اتنے سخت فیصلے کرتے ہوئے، مجبوری کے تحت اقدام کیے گئے، گزشتہ روز 11سو کیسز تھے آج بھی 7سو سے زائد کیسز ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ہفتے میں صرف چار دن کاروبار کی اجازت ہوگی، پیر تا جمعرات مارکیٹیں کھولی جاسکیں گی تاہم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سخت لاک ڈاؤن ہوگا، بڑے شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے، شادی ہالز، سینما، ریستوران بند رہیں گے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ ہم لاک ڈاؤن کے فیز 2 میں جارہے ہیں عوام کی زندگی ان کے اپنے ہاتھ میں ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے فیز 2 میں جارہے ہیں، احتیاط کی بہت زیادہ ضرورت ہے، لوگ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں،اگر ضرورت کے تحت باہر نکلیں تو سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور ماسک کو لازمی پہنیں، گھر واپسی پر بزرگوں اور بچوں سے دور رہیں، کوشش کریں آپ بالکل باہر نہ نکلیں کیونکہ آپ کی زندگی سے زیادہ کوئی اور چیز قیمتی نہیں ہے۔