گوگل اور فیس بک کے ملازمین سال کے آخر تک گھروں سے کام کر سکیں گے

  • May 9, 2020, 5:10 pm
  • Science & Technology News
  • 150 Views

کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہونے والی گوگل اور فیس بک نے ملازمین کو سال کے آخر تک گھروں سے کام کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔

گوگل اور فیس بک نے جلد ہی اپنے دفاتر کھولنے کا اعلان کیا ہے مگر نئی پالیسی کے تحت گھر سے کام کرنے کے معاملے میں زیادہ لچک دکھائی جائے گی۔

گوگل نے ابتدا میں گھر سے کام کرنے کی پالیسی یکم جون تک جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا مگر کمپنی اب اس میں سات ماہ کا اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب فیس بُک نے کہا ہے کہ وہ 6 جولائی کو اپنے دفاتر کھولے گی تاہم زیادہ تر ملازمین جو گھروں سے کام کر سکتے ہیں، وہ ایسا سال کے آخر تک کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ فیس بک ان اولین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ہے جنہوں نے اپنے ملازمین کو نہ صرف گھروں سے کام کرنے کی اجازت دی تھی بلکہ ساتھ ہی ایک ہزار ڈالر کا بونس بھی دیا تھا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 21 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 78 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 60 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 2 سوسے بڑھ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 17 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 2 سو سے زائد ہو گئی ہے۔