عمران خان کی ٹیم کے کھلاڑی فتوے جاری کررہے ہیں، حافظ حمداللّٰہ

  • May 8, 2020, 6:31 pm
  • Political News
  • 200 Views

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے رہنما حافظ حمداللّٰہ نے وزیرداخلہ اعجاز شاہ کے نماز عید سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے علمبردار عمران خان کی ٹیم کے کھلاڑی فتوے جاری کر رہے ہیں۔

حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ مفتی نہیں ہیں، جو انہوں نے یہ بیان دیا ہے کہ عید کی نماز پڑھنے کے لیے گھر کے ایک فرد کا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے علمبردار کو علم نہیں کہ ان کا یہ فارمولا عید نہیں نماز جنازہ کے لیے ہوسکتا ہے۔

حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ انہیں یہ علم نہیں کہ نماز عید فرض ہے، واجب ہے یا فرض کفایہ ہے، یہ 22 کروڑ عوام کو ریاست مدینہ کا کیا نقشہ دیں گے۔

رہنما جے یو آئی نے کہا کہ یہ ذمہ داری وزیر داخلہ کی نہیں، وزیر مذہبی امور کی ہے، وزیر مذہبی امور علماء کے ساتھ مشورہ کرکے نماز عید سے متعلق موقف دے سکتے ہیں۔

حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ وزیر داخلہ کا کام ہے کہ ہمیں بتائیں گولی کیسے، کب، کہاں اور کس پر چلانی ہے۔