حکومت نے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا

  • May 7, 2020, 4:57 pm
  • National News
  • 335 Views

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ فجر کے بعد سے شام 5بجے تک دکانیں اور مارکیٹیں کھلی رہیں گی، کاروبار ہفتے میں دو دن بند کیے جائیں گے، تعلیمی ادارے نہ کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی سی اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آج قومی رابطہ کمیٹی میں چھ اہم نکات پر اتفاق کر لیا گیا ہے ، پبلک ٹرانسپورٹ کو کھولنے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیں اس پر مزید غور کرنے کا کہاہے ،سب سے پہلے کنسٹرکشن انڈسٹری کو کھول دیا گیا ہے اب دوسرے فیز پر جارہے ہیں جس پر اتفاق ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے فیصلے وزیراعظم کررہے ہیں ان کا مقصد زندگیوں پر اچھا اثر ڈالنا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ انسانی جان زیادہ ضروری ہے یا معیشت؟ اقدامات کا مقصد انسانی زندگی پر کیا اثر پڑتا ہے یہ دیکھنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹی کے جہیز کے پیسے بھوک سے بچنے کیلئے استعمال کرینگے تو یہ بڑا صدمہ ہے، یہ لا یعنی بحث ہے کہ معیشت زیادہ ضروری ہے یا انسانی جان۔

دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں ہفتے کے روز سے چھوٹی مارکٹیں کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے ، دیہی علاقوں اور محلوں میں دکانیں کھولی جائیں گی جہاں پر ہجوم اکھٹا ہونے کے امکانات نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک تجویز یہ بھی تھی کہ افطاری کے بعد دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے تاہم اب اتفاق ہوا ہے کہ سحری کے بعد سے شام پانچ بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت ہو گی ،ہفتے میں دو دن ایسے ہوں گے جب تمام مارکٹیں بند ہوں گی اور اس دوران صرف میڈیکل اسٹورز اور ضروری اشیاء کے کاروبار کی اجازت ہوگی۔

اسد عمر نے بتایا کہ اسپتالوں کی او پی ڈیز کو بند گیا تھا تاہم اب انہیں بھی کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے ،اسکولوں کو 31 مئی تک بند کیا گیا تھا تاہم اب انہیں ڈیڑھ ماہ تک نہ کھولنے پر اتفاق ہواہے