سیالکوٹ میں 104سالہ مریضہ نے کورونا کو شکست دے دی

  • May 6, 2020, 9:41 pm
  • COVID-19
  • 149 Views

سیالکوٹ میں 104سالہ مریضہ نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی رہائشی محمد بی بی کا کورونا ٹیسٹ 10اپریل کو مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ اب محمد بی بی کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور وہ صحتیاب ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا ایک ہی دن میں 40 زندگیاں نگل گیا جس کے بعد اموات کی کُل تعداد 526 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ جبکہ پاکستان میں 22 ہزار550 افراد اس خطرناک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 1049 ہے۔ 6ہزار 217 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کمانڈ سینٹر کے مطابق سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں جہاں 194 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 156 ، سندھ میں 148، بلوچستان میں 21، گلگت میں 3 افراد دم توڑ چکے ہیں۔ اسلام آباد میں 485 ، گلگت میں 386 اور کشمیر میں 76 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں کورونا کسیز کی تعداد 8 ہزار 420، سندھ میں 8ہزار 189 ہوگئی، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 499 ، بلوچستان میں 1495 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے۔
اسلام آباد میں 458 افراد اس وائرس کا شکار ہیں۔ دوسری جانب اب تک دنیا بھر میں کرونا کے 3570093 تصدیق شدہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں 250203 افراد موت کی نیند سو چکے ہیں۔کرونا کے سبب مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں سرفہرست امریکا (68689 )اموات ہے۔ دوسرے نمبر پر اطالیہ (29079 )اموات، اس کے بعد برطانیہ (28734 )اموات، اس کے بعد ہسپانیہ (25428 اموات)اور اس کے بعد فرانس (25201 اموات)کا نمبر ہے۔