بچے کو جنم دینے کے بعد خاتون کرونا سے جاں بحق

  • May 6, 2020, 7:03 pm
  • COVID-19
  • 145 Views

لاڑکانہ: سندھ کے شہر لاڑکانہ میں دو روز قبل نومولود کو جنم دینے والی کرونا مریضہ انتقال کرگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ کے شیخ زید ویمن اسپتال میں زیر علاج کرونا کی مریضہ جاں بحق ہوگئی، مدئجی کی رہائشی خاتون کے ہاں 2 دن پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود کی کرونا رپورٹ منفی آئی ہے اور وہ بالکل تندرست ہے۔

شیخ زید ویمن اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز سمیت عملے کے 5 افراد کے ٹیسٹ کرلیے گئے ہیں اوراسپتال کے آئسولیشن وارڈ کو سیل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کرونا کے مریض وقت پر اسپتال نہیں آرہے، مریض بہت زیادہ سانس کی تکلیف پر آخری لمحات میں اسپتال پہنچ رہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ دمہ، شوگر یا بلڈ پریشر وغیرہ کے مریض فوراً اسپتال آئیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ لوگ مرض کو چھپا رہے ہیں، کرونا کے مریض کو یہ بتانے سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔

عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ ڈاؤ اوجھا، آغا خان، جی پی ایم سی میں سہولتیں موجود ہیں، سول، ٹراما سینٹر اور ایس آئی یو ٹی میں بھی کرونا کا علاج ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ کرونا کے مریضوں کے لیے اسپتال میں بیڈز نہیں، ہمارے پاس مریضوں کی تعداد سے زیادہ بستر، وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

خیال رہے کہ سندھ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 148 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔