ٹڈی دل کا خاتمہ، ترکی پاکستان کی مدد کو میدان میں آگیا

  • May 6, 2020, 6:23 pm
  • National News
  • 149 Views

اسلام آباد : ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ترکی پاکستان کی مدد کو میدان میں آگیا اور تعاون کی پیشکش کردی، ٹڈی دل کےخاتمےکےلیےفضائی اسپرےکرنےوالاطیارہ پاکستان پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے کی پاکستانی حکومت کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے برادر ملک ترکی نے اپنی خدمات حکومت پاکستان کو فراہم کردیں۔

ٹڈی دل کےخاتمےکےلیےفضائی اسپرےکرنےوالاطیارہ پاکستان پہنچ گیا، اسپریئر طیارہ ترکی سے سی ون30 کے ذریعے پاکستان لایا گیا ہے، طیارہ 6ماہ کے لیےکرائےپر حاصل کیا گیا ہے۔

طیارےکا استعمال ملک سے ٹڈی دل کو تلف کرنے میں مؤثر ثابت ہو گا، ، یہ جہاز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے تمام ملک خصوصاََ سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں اسپرے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برادر ملک ترکی کی بے لوث تعاون کی یہ پیشکش ٹڈی دل کے خاتمے کی کوششوں میں معاون ثابت ہو گی، پاک فضائیہ کا ائیر ٹرانسپورٹ بیڑاقدرتی آفات کے دوران ملک میں امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ سے ہی صف اول میں شامل رہا ہے۔

خیال رہے کہ 17 اپریل کو وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا تھا۔ اس موقع پر عمران خان نے کروناوائرس کے بعد ٹڈی دل کو ملک کا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ٹڈی دل پر قابو پانے اور خاتمے کیلئے مکمل تیاری کی جائے، اس حوالے سے ہر قسم کی رکاؤٹ اور مشکلات کو فوری دور کیا جائے۔

انہوں نے حکم دیا کہ ٹڈی دل کےخاتمے کے حوالے سے ملک میں پہلے ہی ایمرجنسی ہے اور اب مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ فصلوں کے دشمن کے حملوں کو روکا جاسکے۔