سعودی عرب نے کورونا سے متعلق جھوٹی خبریں یا افواہیں پھیلانے والے افراد کیلئے سخت سزاؤں کا اعلان کردیا

  • May 6, 2020, 12:27 am
  • COVID-19
  • 125 Views

سعودی عرب نے کورونا سے متعلق جھوٹی خبریں یا افواہیں پھیلانے والے افراد کیلئے سخت سزاؤں کا اعلان کردیا ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں کورونا سے متعلق جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلانے والے شخص کو پانچ سال قید اور دس لاکھ ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں آج کورونا کے 1595نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب میں اب تک 30ہزار251کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ مزید 9مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 200ہوگئی ہے۔ آج سعودی عرب میں 955مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5ہزار431ہوگئی ہے اور ایکٹو کیسز کی تعداد 24ہزار620ہوگئی ہے۔
سعودی مملکت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جہاں کاروباری، تجارتی اور تعلیمی ادارے بند ہیں، وہیں مساجد میں باجماعت نماز پر پابندی لگانے کی خاطر انہیں بند کیا گیا ہے۔

صرف مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں انتظامیہ کے افراد کی جانب سے نمازیں ادا کی جا رہی ہیں۔ رمضان المبارک میں لوگ خواہش مند ہیں کہ کورونا کی وبا جلد سے جلد ختم ہوں تاکہ مساجد دوبارہ سے اللہ کے بندوں سے آباد ہو سکیں۔ ایسے وقت میں چند شرارتی افراد سوشل میڈیا پر خبریں پھیلا کر لوگوں کو جھوٹی خوش خبریاں سُنا رہے ہیں، تاہم جب حقیقت کا پتا چلتا ہے تو لوگوں کو اور زیادہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ روز بھی سعودی پولیس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے ایک مقامی نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔ اس نوجوان نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے مساجد کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے جلد ہی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔