لاک ڈاؤن کے باعث آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے سینکڑوں ملازمین فارغ کردیے

  • May 6, 2020, 12:19 am
  • Breaking News
  • 205 Views

ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث کراچی میں آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے سینکڑوں ملازمین فارغ کر دیے، کریم کی چلنے والی بس ٹرانسپورٹ موبائل ایپ بھی بند کردی گئی، 536 ملازمین کو نکالنا آسان نہیں تھا، لیکن یہ کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث عائد لاک ڈاؤن کے اثرات سے آن لائن ٹیکسی سروس بھی محفوظ نہ رہی۔
لاک ڈاؤن کے کاروبار پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس سے ملک میں بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ کاروبار پر منفی اثرات کے باعث آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے بھی سیکڑوں ملازمین جو کہ کل ملازمین کا 31 فیصد بنتا ہے ان کو روزگار سے فارغ کردیا ہے۔ آن لائن ٹیکسی سروس کریم کے سی ای او مدثر شیخا نے کہا کہ 536 ملازمین کو نکالنا آسان نہ تھا۔
لیکن پہلے ہم نے یہ فیصلہ ہرممکن حد تک مئوخرکیا تاہم اب مزید نقصان نہیں کرسکتے۔ کریم کی چلنے والی بس ٹرانسپورٹ موبائل ایپ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم میں شامل ہرفرد کا خیال ہے۔ لیکن کریم میں تبدیلیوں کے باعث ہمارے کچھ ساتھیوں کو اب مختلف اور زیادہ وقت کیلئے کام کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ وہ دیگر سیکٹرز کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام سیکٹرز کو ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چاہتا ہوں لاک ڈاؤن ختم کیا جائے ، احتیاطی تدابیر پر سختی کرنا ہوگی۔ کاروبار تو کھل جائیں گے لیکن ساتھ میں ایس اوپیز پر عملدرآمد بھی کرانا ہوگا۔ کابینہ کے ارکان کی اکثریت نے وزیراعظم کی تجویز سے اتفاق کیا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کا حتمی فیصلہ آئندہ دور روز میں کرلیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کا حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی میں کیا جائے گا۔