حج 2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ 15 رمضان تک کردیا جائے گا

  • May 4, 2020, 11:42 pm
  • National News
  • 120 Views

وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادریکا کہنا ہے کہ حج 2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ 15 رمضان تک کردیا جائے گا، سعودی عرب کی جانب سے فیصلے سے متعلق پاکستان کو اعتماد میں لے کر باضابطہ طور پر آگاہ بھی کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج کی جانب سے حج 2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی وزیر حج نے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کے استفسار پر بتایا تھا کہ حج2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر فیصلہ 15 رمضان تک کردیا جائے گا۔ ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ حج کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کر دیا جائے گا جس کی باضابطہ اطلاع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو بھی کی جائے گی۔
اس حوالے سے گزشتہ ماہ جاری ایک بیان میں وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ان کی رائے میں رواں سال حج کا انعقاد مشکل ہے۔ سعودی فرمانروا تمام آپشنز دیکھ کر فیصلہ کرینگے۔ سعودی وزارت حج نے فی الوقت کوئی بھی معاہدہ کرنے سے روک رکھا ہے۔ سعودی حکومت کورونا پھیلاؤ کو مکمل طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شاید سعودی عرب میں رہنے والے ہی صرف حج کی سعادت حاصل کرسکیں۔
اسلامی تاریخ میں 40 مرتبہ سے زائد حج مکمل یا جزوی طور نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں سعودی عرب نے ایک ملین سے زائد مسلمان زائرین سے اپیل کی تھی کہ وہ رواں برس حج کرنے کے ارادے کو فی الحال موخر کر دیں۔ حج کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ آئندہ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔سعودی عرب نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو کہا ہے کہ وہ حج کرنے کے پلان کو اس وقت تک روک دیں جب تک کے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق صورتحال واضح نہیں ہو جاتی۔
سعودی حکومت کے لیے حاجیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور سعودی عوام کی صحت اولین ترجیحات ہیں۔ یاد رہے مسلمانوں کا سب سے بڑا سالانہ اجتماع اس سال جولائی کے آخر میں ہونا ہے لیکن کورونا وائرس کی وبا اور سعودی عرب کی جانب سے لاک ڈان کے باعث اب یہ حتمی طور پر کہنا مشکل ہو گیا ہے کہ کیا اس سال حج کا اہتمام کرنا ممکن ہو گا یا نہیں۔