حکومت کا تنخواہیں اور پنشن عید سے قبل ادا کرنے کا فیصلہ

  • May 4, 2020, 11:42 pm
  • Business News
  • 157 Views

حکومت کا تنخواہیں اور پنشن عید سے قبل ادا کرنے کا فیصلہ، وزارت خزانہ نے متعلقہ حکام کو تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو 21 مئی تک ادائیگیاں کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عید کی آمد کے پیش نظر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو قبل از وقت ادائیگیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ نے خصوصی ہدایات بھی کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ماتحت تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو عید سے قبل تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائیں گی۔ تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو 21 مئی تک تنخواہیں اور پنشن ادا کر دی جائیں گی۔ دوسری جانب پاکستان پوسٹ کا ’’ڈاکیا‘‘ لاک ڈاؤن میں بزرگ پنشنرز کیلئے بڑی خوشخبری لے آیا۔
پاکستان پوسٹ کے “ڈاکیا” نے بوڑھے پنشنرز کی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے ان کی ایک ماہ کی پیشگی پنشن ریٹائرڈ ملازمین کی دہلیز پر بحفاظت پہنچانے کا کام شروع کردیا ہے۔ پاکستان پوسٹ کا “ڈاکیا” دور دراز اور دشوارگزار علاقوں میں جا کر بوڑھے ملازمین کو ان کے گھروں کی دہلیز پر خوشیاں پہنچا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان پوسٹ کے’’ ڈاکیا‘‘ نے3 دن میں 3 لاکھ31 ہزار197 پنشنرز کو2 ماہ کی پنشن پہنچا دی ہے۔
پاکستان پوسٹ کے’’ ڈاکیا‘‘ ہفتہ اور اتوار کو بھی بزرگ پنشنرزکو پنشن پہنچانے میں مصروف عمل ہے۔ پاکستان پوسٹ کے’’ ڈاکیا‘‘ کے ذریعے عید الفطر کی آمد سے قبل ہی تمام پنشنرز کو اگلے ماہ کی پنشن سمیت 2 ماہ کی پنشن مل جائے گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران پنشن ملنے پر پنشنرز نے وزیراعظم عمران خان، وزیر مواصلات مراد سعید اور پاکستان پوسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے ملک میں کورونا وباء کے باعث لاک ڈاؤن قائم ہے۔ جبکہ بزرگ شہریوں کو وباء سے بچانے کیلئے پبلک مقامات پر جانے سے بھی منع کیا جا رہا ہے۔ تاکہ بزرگ شہری وباء سے محفوظ رہ سکیں۔ اسی لیے انہیں پنشن کی ادائیگی گھر پر کی جا رہی ہے۔