لاک ڈاؤن ختم نہیں کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے وضاحت جاری کردی

  • April 30, 2020, 12:24 am
  • COVID-19
  • 194 Views

سندھ حکومت نے وضاحت جاری کردی ہے کہ صوبے میں ابھی لاک ڈاؤن ختم نہیں کر رہے ہیں۔ سینیٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اسے ابھی ختم نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے حالات پر قابو پایا ہے لیکن لوگوں کے رویوں کی وجہ سے سب کچھ خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہریوں کو پولیس، رینجرز اور ٹریفک پولیس کے جوانوں کے ساتھ بہتر سلوک کرنے کی اپیل کردی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کے لئے سندھ حکومت نے کئی مشکل فیصلے کئے ان فیصلوں پر عملدرآمد ہمارے طبی عملے ، ڈاکٹرز اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ ہمارے پولیس رینجرز اور ٹریفک پولیس کے جوان اور افسران دن رات سڑکوں پر ہمارے لئے موجود ہیں لیکن افسوس کہ بعض شہریوں نے پولیس کے جوانوں کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اپنایا جس پر ہمیں بہت افسوس ہے شہری جانتے ہیں کہ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا مقصد ہمیں کورونا وبا سے محفوظ رکھنا ہے جس کے لئے یہ اپنی فیملیز کو چھوڑ کر دن رات سڑکوں، چوک چوراہوں پر موجود ہیں صوبے میں پینتالیس پولیس کے جوان اور افسران کورونا وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ چار رینجرز کے جوانوں کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی ہے یہ تمام جوان اپنی فیملیز سے دور ہیں انہوں نے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ خدارا پولیس اور رینجرز کے جوانوں کے ساتھ اچھا برتا کریں آئیے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے سب ملکر جدوجہد کریں اور اپنے گھروں پر رہیں۔اللہ تعالی اس وبا سے ہمیں محفوظ رکھے۔