وزیراعظم کی کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو میدان میں اتار دیا گیا

  • April 29, 2020, 8:06 pm
  • National News
  • 124 Views

سیالکوٹ : وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو باقاعدہ آپریشنل کردیا گیا اور فورس نے فیلڈ کورونااسپتال میں ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں، سیالکوٹ کے20ہزارنوجوان ٹائیگرز فورس میں خدمات سرانجام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ٹائیگرزفورس کاافتتاح کر دیا ، 20ہزارنوجوان ٹائیگرزفورس میں خدمات سرانجام دیں گے، افتتاح کے بعد سیالکوٹ میں ٹائیگر زفورس کو باقاعدہ آپریشنل کردیا گیا اور فورس نے فیلڈ کورونا اسپتال میں ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سےخطاب کا فیصلہ کیا ہے وہ آئندہ چند دن میں رضا کاروں سے خطاب کریں گے۔

ابتدائی طور پر سیالکوٹ میں نوجوانوں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں، نوجوان رضا کار مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے باہر تعینات ہوں گے ، ٹائیگر فورس کو ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کا تعاون بھی حاصل ہوگا اور مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

نوجوان رضا کار یوٹیلیٹی اسٹورز میں مطلوبہ سامان کی مانیٹرنگ بھی کریں گے تاکہ مطلوبہ اشیامیسر نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو شکایت کی جا سکے گی۔

یاد رہے گذشتہ روز سیالکوٹ سے ٹائیگر فورس کا کامیاب ٹیسٹ رن کیا گیا تھا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کی سافٹ لانچنگ کا تجربہ کامیاب رہا، عوام کا تعاون اور رد عمل قابل ستائش ہے، نوجوانوں نے قومی جذبے کے تحت ذمےداری پوری کی۔

معاون خصوصی نے کہا تھا کہ مرحلہ وار ملک بھر کے نوجوانوں کو مکمل طور پر متحرک کر دیں گے، طلبا،سوشل ورکرز،اساتذہ،انجینئراور ڈاکٹرفورس میں شامل ہوئے جبکہ صحافی،قانون دان،ہیلتھ ورکراور این جی اوز سےوابستہ افراد نےرجسٹریشن کرائی۔