کراچی کے سرکاری اسپتال میں‌ کرونا سے متاثرہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش

  • April 27, 2020, 12:18 pm
  • COVID-19
  • 152 Views

کراچی: شہر قائد میں کرونا سے متاثرہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں واقع سول اسپتال کے گائنی وارڈ میں کرونا سے متاثرہ خاتون کے ہاں اتوار کے روز بچے کی پیدائش ہوئی ہے، میڈیکل سپریٹینڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق ماں اور بچہ دونوں صحت یاب ہیں۔

ایم ایس کا کہنا ہے کہ ڈلیوری کے دوران لیبر روم میں موجود عملے اور لیڈی ڈاکٹر سمیت نومولود کا کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کیا جائے گا، ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے کمرے میں جراثیم کش اسپرے کردیا گیا ہے تاکہ وائرس کو ختم کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کے ترجمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ صوبے میں دس سال سے کم عمر 182 بچوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں 900 مریض 60 سال سے زائد عمر کے ہیں، ہم شہریوں سے مسلسل اپیل کررہے ہیں کہ وہ اپنے اہل خانہ کو کرونا سے بچانے کی خاطر خود کو گھروں تک محدود کریں اور سماجی فاصلہ بھی اختیار کریں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بچوں اور بزرگوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنا چاہیے، جب ہم گھر سے باہر نکلتے اور واپس لوٹتے ہیں تو ممکنہ طور پر وائرس ساتھ آسکتا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا تھا کہ صوبے میں سب سے زیادہ کیسز آج یعنی 26 اپریل کو رپورٹ ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 350 سے زائد کیسز سامنے آئے جن میں سے بیشتر کراچی کے ہیں اور ان میں مقامی منتقلی کے کیسز سب سے زیادہ ہیں۔