زوم کے مقابلے میں فیس بک نے بھی ویڈیو کانفرنس سروس متعارف کرادی

  • April 27, 2020, 12:13 pm
  • Science & Technology News
  • 124 Views

سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ ’فیس بک‘ نے ویڈیو کانفرنس ایپ ’زوم‘ کے مقابلے میں ’میسنجر رومز‘ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک نے لاک ڈاؤن کے دوران صارفین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک نیا فیچر ’میسنجر رومز‘ متعارف کرایا ہے جس میں بہ یک وقت 50 افراد ویڈیو چیٹ کرسکتے ہیں۔ اس سروس کی خاص بات یہ ہے کہ چیٹ میں وہ افراد بھی شامل ہوسکتے ہیں جن کا فیس بک پر اکاؤنٹ نہیں اور نہ ہی میسنجر ہونا ضروری ہے۔

فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ نے ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میسنجر رومز‘ کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ موبائل فون پر بھی استعمال کی جا سکتی ہے اور کسی بھی وقت صارفین اپنے دوستوں اور فیملی ممبران سے ویڈیو چیٹ کرسکتے ہیں

فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اے ایف پی کو نئی چیٹ سروس کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ایپ کمپیوٹر یا فون پر کھلی رہے گی، ویڈیو چیٹ کی دعوت کا لنک موصول ہونے پر ویڈیو چیٹ میں شامل ہو سکتے ہیں اس طرح کسی اجنبی کے ویڈیو چیٹ کے دوران شامل ہونے کے امکانات صفر ہوجاتے ہیں۔

مارک زکر برگ نے مزید بتایا کہ ویڈیو چیٹ کے لیے ’دعوتی لنک‘ فیس بک یا میسنجر ایپ نہ ہونے کی صورت میں خودبخود براؤزر میں کھل جائے گا اور یوں وہ صارف بھی ویڈیو چیٹ میں شامل ہوجائے گا جس کا فیس بک یا میسنجر اکاؤنٹ نہیں۔

کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے انٹرنیٹ کا استعمال بڑھ گیا ہے جب کہ دفاتر کے بجائے گھر سے کام کرنے کے رجحان میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور ’زوم ایپ‘ کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے جسے دیکھتے ہوئے فیس بک نے بھی ویڈیو چیٹ کانفرنس متعارف کرادی ہے جو آئندہ ہفتے تک صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔