پاکستان 8 جون تک کورونا پر قابو پا سکتا ہے، محققین

  • April 27, 2020, 11:58 am
  • COVID-19
  • 247 Views

پاکستان 8 جون تک کورونا پر قابو پا سکتا ہے، محققین
پاکستان میں ابھی کورونا کیسز نکتہ عروج پر نہیں پہنچا، سخت احتیاطی تدابیر سے وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے، سنگا پور کے ماہرین کی گفتگو
سنگا پور (ہمارا کوئٹہ انفارمیشن ڈیسک)سنگاپور یونیورسٹی کے کووڈ 19 پر تحقیق کرنے والے محقیقین نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں 8 جون تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن میں محقیقین نے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ڈیٹا کے تحت یہ جانچا کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس پر کب تک قابو پایا جا سکے گا۔محققین کے مطابق تمام ممالک کے لیے اندازے سنگاپوریونی ورسٹی نے ایس آئی آر ایپیڈیمک ماڈل کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔اس ماڈل کے مطابق پاکستان میں ابھی کورونا کیسز نکتہ عروج پر نہیں پہنچا، سخت احتیاطی تدابیر سے وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود ممکن ہے کہ وائرس پر قابو پانے کے لیے 8 جون تک کا عرصہ لگ جائے۔اسی طرح پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت کیلئے 21 مئی تک وبا پر قابو کیے جانے کا اندازہ لگایا گیا۔جبکہ دنیا میں کورونا کیسز میں سرفہرست امریکا کے لیے بتایا گیا ہے کہ امریکا میں 11 مئی تک وبا 97 فیصد تک کنٹرول میں آ جائے گی۔سنگاپور یونیورسٹی کے اندازے کے مطابق جرمنی میں 2 مئی، اسپین میں 3، فرانس میں 5 اور اٹلی میں 7 مئی تک وبا پر قابو پا لیا جائیگا۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 29 لاکھ 23 ہزار 342 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے، 8 لاکھ 37ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔