لیویز تھانوںکوپولیس کے حوالے کرناعدالتی حکم کی توہین ہے ،پشتونخواء میپ

  • April 25, 2020, 11:58 pm
  • Political News
  • 136 Views

لیویز تھانوںکوپولیس کے حوالے کرناعدالتی حکم کی توہین ہے ،پشتونخواء میپ
کوئٹہ (ہمارا کوئٹہ انفارمیشن ڈیسک) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں سلیکٹڈ صوبائی حکومت کی جانب سے ایک بارپھر کوئٹہ کے لیویز تھانوں کو پولیس کے حوالے کرنے کے نوٹیفکیشن کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو عدالتی توہین قرار دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت پہلے دن سے لیویز فورس کے خاتمے اور اسے پولیس فورس میں ضم کرنے کے اقدامات میں مصروف رہی ہے اور بارہا مختلف حیلے وبہانوں سے لیویز فورسز کے تھانوں کو پولیس کے حوالے کرنے کے نوٹیفکیشن جار ی ہورہے ہیں اس سے پہلے بھی یہ اقدام اٹھایا گیا صوبے کے عوام ، اپوزیشن جماعتوں اور اقتدار میں شامل حکمران جماعت کے بعض ممبران نے بھی اس کی مخالفت کی ۔ لیکن حکومت نے کوروناء وائرس کی موجودہ صورتحال میں موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا اور گزشتہ روز ایک بار پھر کوئٹہ کے بی ایریا کے لیویز فورس کے تھانوں پر پولیس کے آفیسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس پر عوام نے بھی گزشتہ روز اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے اس کی شدید مخالفت کی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لیویز فوسز کے حوالے سے مقدمہ بھی عدالت عالیہ میں زیر التواء ہے لیکن حکومت کی جانب سے پے در پے نوٹیفکیشن جاری کرنا از خود عدالت کی توہین کے مترادف ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے فلور پر اپوزیشن جماعتوں کے ممبران نے اس پر شدید احتجاج کیا تھا اور اس اقدام کی بھرپور مخالفت کی تھی اور آئندہ بھی اپنے عوام کی حمایت کے ساتھ اس ناروا اقدام کے خلاف مزید سخت احتجاج بھی کریگی کیونکہ لیویز فورس ہی ان علاقوں کے عوام کو بخوبی جانتی ہے اوربہ نسبت پولیس کے لیویز فورسز کی کارکردگی حد درجہ بہتر رہی ہے ، کوئٹہ کے بی ایریا کے علاقوں ہنہ ، زرغون، سرہ غوڑگئی ، اغبرگ ، پنجپائی ، نوحصار میں امن وامان کی بہترین حالات کی کارکردگی کا سہرا بھی لیویز فورس کو جاتا ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فی الفور مذکورہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کرکے لیویز فورس کو برقرار رکھنے کے احکامات جاری کیئے جائے اور بی ایریا کے پر امن حالات اور پولیس اور لیویز فورسز کے اداروں کے ٹکرائو کی سازش سے اجتناب کیا جائیں۔