سندھ میں کورونا پھیلاؤ کا سبب بننے والوں پر 10لاکھ جرمانہ ہوگا

  • April 25, 2020, 1:31 pm
  • COVID-19
  • 159 Views

کراچی: کورونا وائرس وبا پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کا غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ، وبائی مرض کورونا کے پھیلاو کا سبب بننے والے کسی بھی فرد ادارے پر جرمانہ عائد کیاجائے گا جو دس لاکھ روپے تک ہوگا۔

سندھ حکومت کا سندھ وبائی امراض ایکٹ 2014میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لایا جائے گا آرڈیننس کا مسودہ منظوری کے لئے سندھ کابینہ اجلاس میں پیش کیاجائیگا جس کے بعد گورنر سندھ کو منظوری کے لئے ارسال کیا جائیگا۔

سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں رکاوٹ بننے اور پھیلاؤ کا سبب بننے والے افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے سے متعلق حکومتی اقدامات پر عمل نہ کرنے کی مسلسل شکایات اور طبی عملے کو درپیش مشکلات کا حل نکالنے کے لئے یورپی وخلیجی ممالک کی طرز پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے سندھ حکومت نے وبائی امراض ایکٹ 2014میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے اور ایک ترمیمی آرڈیننس جاری کیاجائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جو بھی وبائی امراض ایکٹ میں شامل دفعات کی خلاف ورزی کرے گا اس پر جرمانہ عائد کیاجائے گا اور جرمانے کی رقم دو لاکھ روپے سے دس لاکھ روپے تک رکھنے کی تجویز ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ جرمانہ ادا کرنے کے بعد دوسری مرتبہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کا سبب بنا تو پھر دس لاکھ تک جرمانہ دوبارہ ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ پہلی مرتبہ وبائی امراض ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی پر درج شرح سے جرمانہ وصول کیاجائے گا جب کہ مسلسل خلاف ورزی پر جرمانے کی شرح میں اضافہ ہوگا۔