شاہ سلمان کی جانب سے بھیجا گیا تحفہ پاکستان پہنچ گیا

  • April 24, 2020, 9:13 pm
  • National News
  • 144 Views

شاہ سلمان کی جانب سے بھیجا گیا تحفہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے بھیجے گئے 16 کروڑ 61 لاکھ روپے کے راشن بیگز پاکستان کے حوالے کردیے گئے، راشن لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن سے متاثرین اور مستحقین تک راشن پہنچانے کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
امدادی پیکج میں دیے گئے ہر راشن کے بیگ میں 10 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو چاول، 5 لیٹر ککنگ آئل، 2 کلو خشک دودھ، آدھا کلو چائے کی پتی اور 2 کلو کھجوریں شامل ہیں۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے راشن بیگز کی صورت میں امدادی سامان جمعرات کو اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے سپرد کیا تھا۔
خیال رہے کہ 5 ٹیمیں راشن کی تقسیم کے امور کی نگرانی کررہی ہیں۔

اس راشن پیکج سے پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ امداد کی تقسیم میں دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو کورونا کے معاملے پر کوئی امداد نہیں ملی،صرف آئی ایم ایف نے قرضوں کی اقساط میں سہولت دی، اور غیرملکی قرضوں کی شرح سود کی ادائیگی میں ایک سال کی رائٹ ملی، کسی ملک یا عالمی ادارے نے ایک ڈالر بھی مدد نہیں کی، کوئی کتنا بھی جھوٹ بولے عوام سچ ڈھونڈ لیں گے۔
وزیراعظم نے ملاقات کرنے والے سوشل میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے امتحان ہے۔ کورونا وبائی بیماری ہے، کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کورونا کب تک رہے گا۔ قوم بن کر اس امتحان میں نبرد آزما ہونا پڑے گا۔ بھارت، بنگلا دیش اور افریقہ جیسے ممالک مشکل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، یورپ اور برطانیہ سے ہمارے حالات مختلف ہیں۔